لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ مریضوں کے علاج معالجہ اور سرجری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فوقیت دی جا رہی ہے۔ لاہور جنرل ہسپتال میں بواسیر،فسچولا اور مقعد کے پھوڑے کی سرجری کیلئے جدید ٹیکنالوجی لیزر پروکٹو لوجی کا اغاز کر دیا گیا ہے۔
جس کی مدد سے 5مریضوں کے مفت پروسیجر کامیابی سے مکمل کئے گئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایل جی ایچ سرجیکل یونٹ 2کے زیر اہتمام پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی تربیت کیلئے منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں صوبہ بھر کے ہسپتالوں سے 60 نوجوان ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر وارث فاروقہ، پروفیسر آمنہ جاوید، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹرشبیر احمد چوہدری نے ٹرینی ڈاکٹرز کی آگاہی کیلئے براہ راست آپریشن تھیٹر سے وارڈ کے کلاس روم میں پروسیجر بھی دکھائے۔
طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ لیزر پروکٹو لوجی ٹیکنالوجی کے ذریعے مریض کو جلد سے جلد تکلیف سے نجات مل جاتی ہے۔ ذیادہ دن ہسپتال میں زیر علاج بھی نہیں رہنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ بواسیر بہت عام بیماری ہے۔ قبل ازیں روایتی طریقہ علاج کے باعث بعض اوقات خواتین اور مرد آپریشن کروانے سے ہجکچاہٹ محسوس کرتے تھے۔
اس موقع پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ نوجوان سرجنز اپنی پیشہ وارانہ مہارت اور قابلیت کو بڑھانے کیلئے انتھک محنت اور لگن کے ساتھ ریسرچ و میڈیکل کی اعلیٰ تعلیم پر توجہ دیں تاکہ وہ ترقی یافتہ ممالک کے میڈیکل فیلڈ کے ماہرین کے شانہ بشانہ آ سکیں۔
پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ آج سپیشلائزیش کا دور ہے اور ہر ڈاکٹر/سرجن کو اپنے لئے مخصوص شعبے کا انتخاب کر کے آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایل جی ایچ کے فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کی یہ ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ مریضوں کی سہولت کیلئے ذیادہ سے ذیادہ وسائل بروکار لاتے ہوئے جدید ترین ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا جائے تاکہ جنرل ہسپتال ملک بھر کے شفاء خانوں میں نمایاں مقام حاصل کر سکے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے ینگ ڈاکٹرز کو جدید طریقہ علاج سے آگاہی دینے کیلئے ورکشاپ منعقد کرنے پر پروفیسر آمنہ جاوید اور ڈاکٹر شبیر احمد چوہدری و ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر سعید محمود، ڈاکٹر کریم اللہ، ڈاکٹر قاسم فاروق، ڈاکٹر بابر حمید، ڈاکٹر اظہر عالم، ڈاکٹر حافظ محمد عمران، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر نادیہ ارشد اور نوجوان ڈاکٹرز بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر پروفیسر الفرید ظفر نے پرنسپل میڈیکل کالج سرگودھا پروفیسر وارث فاروقہ کو یادگاری شیلڈ سے بھی نوازا۔