جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال کے قیام کو 67 برس مکمل، پروفیسر فاروق افضل نے کیک کاٹا

لاہور، 29 جنوری(زاہد انجم سے) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے لاہور جنرل ہسپتال کو انسانی جان کے تحفظ اور دکھی انسانیت کی بلا امتیاز خدمت کی ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال اپنے قیام سے آج تک لاکھوں مریضوں کے لیے امید اور شفا کا مرکز رہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہسپتال کے 67 سال مکمل ہونے پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا، جس میں ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، سینئر فیکلٹی، ڈاکٹرز اور نرسنگ انتظامیہ نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا آغاز ایل جی ایچ کی مثالی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے سے ہوا، جبکہ اس تاریخی سفر کی یاد میں کیک بھی کاٹا گیا۔ پروفیسر فاروق افضل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی صحت دوست پالیسیوں کے تحت ہسپتال میں جدید طبی آلات کی فراہمی اور علاج کے معیار میں بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ماہر ہیلتھ کیئر پروفشنلز اور جدید ٹیکنالوجی کی بدولت جنرل ہسپتال اب پورے ملک سے آنے والے مریضوں کے لیے ایک قابلِ اعتماد نام بن چکا۔ مستقبل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کو طبی تحقیق اور تدریس کے میدان میں مزید ترقی دے کر عالمی معیار کے مطابق ڈھالنا ہماری اولین ترجیح ہے۔پرنسپل کالج آف نرسنگ ثمینہ کوثر اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ صائمہ فتح بھی تقریب کا حصہ تھیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے جنرل ہسپتال کی ترقی اور عوامی خدمت کے مشن کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ادارے کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا گیا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔
٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں