لاہور13فروری(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ طب کی دنیا میں تیزی سے بدلتی ہوئی جدید ٹیکنالوجی اور ابھرتے ہوئے رجحانات گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے نئی زندگی کی نوید ثابت ہو رہے ہیں، جن سے ہم آہنگ ہو کر نوجوان ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال کے شعبہ نیفرولوجی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان ’پیریٹونیل ڈائیلاسز کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، سربراہ شعبہ نیفرولوجی پروفیسر عبادالرحمٰن، ڈاکٹر یاسر حسین، ڈاکٹر روشینا انجم، ڈاکٹر قرۃ العین، ڈاکٹر ساجد اقبال اور صوبہ بھر سے آئے ہوئے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر طبی سہولیات کی فراہمی میں جدت لانے کے لیے Byonyks اور KBB کمپنیوں کے مابین ایک اہم مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر بھی دستخط کیے گئے تاکہ ڈائیلاسز کی جدید مشینوں اور تکنیک میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ ماہرین نے شرکاء کو خون کے بجائے پیٹ کے ذریعے کیے جانے والے ڈائیلاسزکے جدید طریقہ کار اور جدید ترین مشینوں کے استعمال پر عملی تربیت فراہم کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ اقدام نہ صرف میڈیکل کی تعلیم میں ایک انقلابی اضافہ ہے بلکہ مریضوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے میں بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔
پروفیسر عبادالرحمٰن نے کہا کہ روایتی ڈائیلاسس کا عمل مریضوں کے لیے اکثر تھکا دینے والا اور پیچیدہ ہوتا ہے، تاہم پیریٹونیل ڈائیلاسز کی نئی ٹیکنالوجی نے اس عمل کو نہ صرف سہل اور محفوظ بنا دیا ہے بلکہ اب عام آدمی بھی بین الاقوامی معیار کے علاج سے مستفید ہو سکے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کے عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کے ویژن کے مطابق جنرل ہسپتال میں اسٹیٹ آف دی آرٹ (State-of-the-Art) طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارھاھے
تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے ورکشاپ کے شرکا میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے اور کامیاب ورکشاپ کے انعقاد پر پروفیسر آف نیفرولوجی ڈاکٹر عبادالرحمن اور ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو بھرپور طریقے سے سراہا۔
٭٭٭٭٭