لاہور(نویدہ سید سے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست اور شعبہ صحت کے لئے سرگرمیوں کو ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی طرف سے سراہتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور ایسوسی ایشن کی عہدیداران نے خصوصی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی عملی طور پر اُن کی دہلیز پر فراہمی خوش آئند امر ہے جس سے مریضوں کوبہت بڑا ریلیف ملے گا اور وہ سفری مشکلات و اخراجات سے بھی بچیں گے اور انہیں کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ طبی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
اس سلسلے میں صدر ینگ نرسز ایسوسی ایشن روزینہ منظور، خالدہ تبسم، مس یاسرا صدیق اور شمشاد نیازی و دیگر نے لاہور جنرل ہسپتال میں نرسز ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ کمیونٹی میڈیکل شعبے میں نمایاں مقام کی حامل ہے اور ہم ہر فورم پر اپنے حقوق، مطالبات اور دیگر امور کے علاوہ میڈیکل سے متعلقہ تمام شعبوں کے بارے میں بر وقت رائے کا اظہار اور اقدامات اٹھاتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ سے ہمیں بہت سی توقعات ہیں جن پر وہ انشاء اللہ ضرور پورا اتریں گی اور ہم بھی اُن کا ہر سطح پر مکمل ساتھ دیں گے۔
نرسز ایسوسی ایشن کی عہدیداران نے صوبے میں سرکاری سطح پر نرسنگ یونیورسٹی کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر رورل ہیلتھ سینٹرز سے لے کر ٹیچنگ ہسپتالوں تک نرسز کی سیٹوں میں اضافے کی بھی تجویز پیش کی تاکہ نرسنگ کمیونٹی کو زیادہ احسن انداز میں اپنے مستقبل کے لئے کام کرنے کا موقع مل سکے۔ ایسوسی ایشن کی طرف سے دیگر محکموں کے افسران کی طرح نرسز آفیسر کو بھی گریڈ21میں ترقی دینے کی تجویز کا اعادہ کیا گیا۔انہوں نے نرسنگ طالبات کی تعلیم و تربیت کے لئے فیکلٹی ممبران کی کمی کو بلا تاخیر پورا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی صدر روزینہ منظور اور خالدہ تبسم نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ اپنی ایسوسی ایشن کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب تک سالہا سال سے نرسز کی ترقی کے کیسز سرخ فیتے کی نظر ہو رہے تھے جبکہ ایسوسی ایشن نے 1800نرسز کو پروموشن کا حق دلوایا ہے، اسی طرح پہلی مرتبہ نرسز کالجز میں ایوننگ کلاسز کا اجراء ہوا۔
انہوں نے کہا کہ وائی این اے نرسز کے مسائل اور مریضوں کی بہتری کے لئے آواز بلند کرنے کا واحد پلیٹ فارم ہے جہاں نرسنگ کمیونٹی کو دنیا بھر میں طب کے میدان میں ہونے والی جدید پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے ملک کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسز نے کورونا وبا کے دوران فرنٹ فٹ پر رہ کر اپنی جانیں خطرے میں ڈالیں اور مریضوں کی زندگیاں بچائیں، ہم انشاء اللہ مستقبل میں بھی اسی لگن، محنت،جاں فشانی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض کی بجا آوری کرتے رہیں گے۔