جنرل ہسپتال

مخیر حضرات کا جنرل ہسپتال پر اعتماد، 50 لاکھ روپے مالیت کی ادویات کا عطیہ

لاہور21 اگست(زاہد انجم سے)مخیر شخصیات نے لاہور جنرل ہسپتال پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے مالیت کی ادویات کا عطیہ انتظامیہ کے سپرد کر دیا جوآؤٹ ڈور کے مریضوں میں تقسیم کی جائیں گی۔ ادویات کی وصولی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے ہی معاشرے کا اصل حسن اور قیمتی اثاثہ ہیں حکومت کے ساتھ ساتھ صاحبِ ثروت افراد کا سرکاری ہسپتالوں کی معاونت کرنا ایک قابلِ تقلید عمل ہے، جس سے غریب مریضوں کو فوری ریلیف ملنے کے ساتھ سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہوتا ہے۔

اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین،ڈاکٹر ثمینہ توفیق،ڈاکٹر عمارہ اختر،ڈاکٹر کوثر شاہین،ڈاکٹر عبدالعزیز،صائمہ فتح اورعدیل سرفراز سمیت ہیلتھ پروفیشنلز بھی موجود تھے۔ پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ ایل جی ایچ کا شمار پنجاب کے بڑے علاج گاہوں میں ہوتا ہے جہاں روزانہ ہزاروں مریض آتے ہیں اس نوعیت کے عطیات سے ہسپتال انتظامیہ کا مالی بوجھ کم ہوگا اور علاج و معالجے کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی

ایم ایس جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے یقین دلایا کہ عطیہ کی گئی تمام ادویات کو مکمل شفافیت کے ساتھ صرف حق دار مریضوں تک پہنچایا جائے گا۔آؤٹ ڈور (OPD) میں روزانہ آنے والے 5 ہزار سے زائد مریضوں کی سہولت کے لیے ہسپتال فارمیسی صبح 8 سے شام 8 بجے تک بلا تعطل ادویات فراہم کرے گی میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی بہتری کے لیے حکومت، طبی برادری اور مخیر حضرات کا باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ھے مخیر حضرات نے ہسپتال کے نظم و ضبط اور کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں