لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ نئے سال 2024 میں دکھی انسانیت کی خدمت اور بیماریوں کے تدارک کیلئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کا معیار مزید بلندیوں سے ہمکنار کریں گے۔
جنرل ہسپتال صوبے میں مریضوں کی سب سے بڑی علاج گاہ کے ساتھ ساتھ صوبے کا سب سے معیاری ہسپتال بھی بن جائے گا۔ایمرجنسی وارڈ کی تعمیر نو سے شہریوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
جنرل ہسپتال کے مختلف شعبوں کے انتظامی ڈاکٹروں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا
کہ مریضوں کو علاج معالجے کا حق دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ دکھی انسانیت کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینا میرا اور میری ٹیم کا مشن ہے۔ ڈاکٹرز کے تعاون سے جنرل ہسپتال کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو مثالی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محسن نقوی کی غیر معمولی مسائی اور دن رات کی محنت سے تمام ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی کے فقدان کا جمود ٹوٹ گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے برق رفتاری سے اقدامات کر کے ہیلتھ کئیر سسٹم کے تمام سٹیک ہولڈرز میں دکھی انسانیت کی خدمت کا ایک نیا عزم اور جزبہ بھر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ہستال کے ڈاکٹرز اور نرسز نے 2023 کے دوران جہاں علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کام کیا وہاں گھریلو تشدد کا شکار ہونے والی بچی رضوانہ کے بروقت علاج کے ذریعے نہ صرف اس کی جان بچائی وہیں اسے نئی زندگی دے کر اور دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کر کے شاندار کارنامہ سر انجام دیا۔جس پر میری میڈیکل ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔
ڈاکٹر الفرید ظفر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئے سال ہسپتال کی ایمرجنسی کی تعمیر نو اور دیگر شعبوں کی ری ویمپنگ کی بدولت ہسپتال میں مریضوں کی خدمت اور علاج کے لیے جدید طبی سہولیات کی فراہمی کا معیار مزید بہتر ہوگا ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس نئے جذبے اور نئے عزم کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کریں گے اور اپنے دین اور دنیا کی کامیابی یقینی بنائیں گے ۔