پروفیسر قاسم بشیر

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر فالج کے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات اولین ترجیح: پروفیسر قاسم بشیر

لاہور22مئی(ہیلتھ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے صوبائی سٹروک پروگرام کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال نارووال کا دورہ کیا۔ انہوں نے سٹروک پروگرام کے تحت جاری اقدامات، جدید طبی سہولیات، ایمرجنسی رسپانس سسٹم، آئی سی یو کی کارکردگی اور فالج کے مریضوں کے لیے خصوصی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر نے ڈاکٹروں، نرسنگ سٹاف اور متعلقہ شعبہ کے ہیلتھ پروفیشنلز کو جدید اسٹروک مینجمنٹ، بروقت تشخیص، تھرومبولائسس اور ہنگامی طبی امداد کے حوالے سے خصوصی تربیتی آگاہی دی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں سٹروک کے مریضوں کو فوری، معیاری اور جدید علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ فالج سے ہونے والی معذوری اور اموات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال نارووال صوبے کے پہلے 15 سٹروک سینٹرز میں شامل ہے جو فالج کے علاج میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

جدید انفراسٹرکچر اور تربیت یافتہ ٹیم پر اطمینان کا اظہاردورے کے دوران پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر نے ہسپتال انتظامیہ اور میڈیکل ٹیم، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر افضال راجپوت، ہیڈ آف میڈیسن ڈاکٹر شیرازانجم، ہیڈ آف پیڈیاٹرکس ڈاکٹر عثمان، شعبہ اینستھیزیا کے فیکلٹی ممبران اور آئی سی یو نرسنگ ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

پروفیسر قاسم بشیر نے ہسپتال میں موجود جدید انفراسٹرکچر، جدید آلات اور تربیت یافتہ افرادی قوت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹروک پروگرام کے تحت تمام ضلعی اور تدریسی ہسپتالوں میں یکساں طبی پروٹوکول، فوری علاج اور مؤثر ریفرل سسٹم کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ ہر مریض کو بغیر کسی تاخیر کے بہترین علاج میسر آ سکے۔پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر نے امید ظاہر کی کہ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال نارووال مستقبل میں بھی عوام کو معیاری اور بروقت طبی خدمات فراہم کرنے میں اپنا مثالی کردار ادا کرتا رہے گا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں