جنرل ہسپتال لاہور

کرسمس:جنرل ہسپتال و نیورو انسٹی ٹیوٹ میں 300پاؤنڈ وزنی کیک کاٹنے کی تقریب

لاہور(زاہد انجم سے)جنرل ہسپتال لاہور اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں کرسمس کی مناسبت سے مشترکہ طور پر پر وقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اورایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر آصف بشیر، پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں، نرسنگ سٹاف اور ہیلتھ پروفیشنلز نے شرکت کی اور مسیحی بھائیوں سے مل کر کرسمس کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے ہر سال کی طرح300پاؤنڈ وزنی کیک کاٹاگیا اور ایک دوسرے کو اس اہم مذہبی تہوار کی مبارکباد دی گئی۔

اس موقع پر کرسمس تقریب کے شرکاء نے ملکی ترقی،استحکام،کشمیری اور فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کیں اور اپنے اداروں میں ترقی اور زیادہ لگن سے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ندرت سہیل، صدر الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز جنید میو، انتظامی ڈاکٹرز، رانا پرویز، وارث آفتاب، شہزادروشن، شکیل امانت، مجید راج، امانت علی خان کے علاوہ مریم شگفتہ، سسٹر کوثر،سسٹر اشک ناز، ندرت مختار،مریم بشیر و دیگر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی اور ای ڈی پی آئی این ایس کا کہنا تھا کہ حضرت عیسیٰ ؑ کی تعلیمات کی پیروی میں مسیحی بھائیوں کا کردار بہت شاندار ہے بالخصوص صحت و تعلیم کے میدان میں کرسچن کمیونٹی کسی سے پیچھے نہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتیں ایک گلدستے کی مانند ہیں اور قیام پاکستان میں مسیحی بھائیوں کا کردار نا قابل فراموش ہے۔پروفیسر الفرید ظفر اور پروفیسر آصف بشیر نے مزید کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم حضرت عیسیٰ ؑ کو اللہ تعالیٰ کا وہ پیغمبر مانتے ہیں جن پر الہامی کتاب نازل ہوئی۔

انہوں نے25دسمبر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے علاوہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش بھی ہے جس سے اس دن کی اہمیت دو چند ہو جاتی ہے۔ایم ایس ڈاکٹر ندرت سہیل نے کہا کہ ہمیں آج ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور زیادہ ہمت و لگن کے ساتھ اپنے فرائض منصبی کی سر انجام دہی کا عہد کرنا ہوگا یہی کرسمس کا اصل پیغام بھی ہے۔

دونوں اداروں کے سربراہان نے لاہور جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسزمیں خدمات سر انجام دینے والی نرسنگ کمیونٹی اور دیگر مسیحی سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں کرسمس کی مبارکباد دی جبکہ شرکاء مسیحی بھائیوں نے ایک دوسرے کو کرسمس کے تہوار پر مبارک دیتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور مٹھائی تقسیم کی۔ مسیحی ملازمین نے ورایتی گیت بھی گائے اور شرکاء سے خوب داد سمیٹی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں