پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر

گریڈ19کی گولڈ میڈلسٹ آفیسر شازیہ کوثر ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال تعینات

لاہور(زاہد انجم سے)وفاقی،صوبائی اور عالمی سطح پر طبی اداروں میں انتظامی و تدریسی وسیع تجربے کی حامل گریڈ19کی گولڈ میڈلسٹ سینئر خاتون آفیسر مس شازیہ کوثر کو ڈپٹی چیف نرسنگ سپرٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال تعینات کر دیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مس شازیہ کوثر نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر سے ملاقات کی اور مریضوں کی بہترین دیکھ بھال سمیت دیگر دفتری امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے مس شازیہ کوثر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نرسیں پاکستان کا اثاثہ ہیں اور مریضوں کی جلد صحت یابی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جبکہ ہیلتھ کئیر سسٹم کو مستحکم کرنے میں ان کی اعلیٰ پیشہ وارانہ خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ نرسنگ کی اعلیٰ تعلیم میں شاندار کامیابی لے کر گولڈ میڈل حاصل کرنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ آپ جیسی نرسز ہمارے ملک و قوم کا فخرہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی شعبے کا سربراہ مقرر ہونا اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہت بڑا انعام ہے لہذا ہمیں اپنے فرائض منصبی انتہائی ایماندار، پیشہ وارنہ لگن سے ادا کرنے چاہئیں۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ شعبہ نرسنگ سے وابستہ سینئر خواتین آفیسر نوجوان نرسز کو اپنے طویل تجربات سے مستفید کریں تاکہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنایا جا سکے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے مس شازیہ کوثر سے گفتگو کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں کو برؤئے کار لاتے ہوئے جنرل ہسپتال کی نرسزکی مزید استعداد کار میں اضافے کا سبب بنیں گی،

مریضوں کی بہتر دیکھ بھال،وارڈ مینجمنٹ،ریکارڈ کی تکمیل، ڈسپلن اور پاکستان نرسنگ کونسل کے مروجہ اصولوں پر عمل کروانے میں بھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے مزید کہا کہ نرسز کے دفتری امور میرٹ پر بلا تاخیر حل کرنے کی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا،غیر ضروری چھٹیوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نرسز کو تعریفی سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا جائے ۔

مس شازیہ کوثر نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کو یقین دلایا کہ وہ ایل جی ایچ کو سٹیٹ آف دی آرٹ علاج گاہ بنانے میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہوں گی اور اپنی تمام تر صلاحیتیں برؤئے کار لائیں گی۔قبل ازیں مس شازیہ کوثر کا ڈپٹی نرسنگ سپرٹنڈنٹ کے آفس پہنچنے پر والہانہ انداز میں استقبال کیا، اس موقع پر ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی صدر خالد ہ تبسم و دیگر عہدیدار بھی موجود تھیں جنہوں نے اُن کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور انہیں مبارکباد دی۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں