میڈیکل کالج

امیر الدین میڈیکل کالج میں طلبہ کو خوشگوار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل

لاہور 20 فروری(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے میڈیکل طلبہ کی ذہنی صحت، کونسلنگ اور انہیں خوشگوار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے پروفیسر ڈاکٹر فائزہ اطہر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔ جس کے تحت نفسیات کے ماہر معالجین (اسپیشلسٹ ڈاکٹرز اور سائیکالوجسٹس) روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل طلبہ کی کونسلنگ اور رہنمائی کریں گے۔

میڈیکل کالج
میڈیکل کالج

پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مستقبل کے ڈاکٹروں کو ایک محفوظ اور معاون تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کسی بھی قسم کے ذہنی دباؤ یا مایوسی کا بروقت سدِباب کر سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ میڈیکل کے طلبہ انتھک محنت، اور ایک کٹھن تعلیمی سفر سے گزرتے ہیں، جس کے پیشِ نظر ہمیں بطور معاشرہ ان کی ذہنی فلاح کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔

تعلیمی بوجھ، سماجی بدنامی (اسٹیگما) اور مؤثر سپورٹ سسٹم کی کمی جیسے عوامل نوجوانوں کو شدید ذہنی تناؤ کی طرف لے جا سکتے ہیں، لہٰذا اداروں میں ایسا ماحول تشکیل دینا ناگزیر ہے جہاں طلبہ بلا خوف و خطر اپنے مسائل بیان کر سکیں۔ انہوں نے اساتذہ اور والدین پر بھی زور دیا کہ وہ نوجوانوں میں تنہائی یا مایوسی کی علامات کو سنجیدگی سے لیں، کیونکہ ہر طالب علم قوم کا قیمتی اثاثہ ہے جس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ مشکل وقت میں خاموشی اختیار نہ کریں بلکہ مدد حاصل کریں، کیونکہ مدد مانگنا کمزوری نہیں بلکہ شعور اور حوصلے کی علامت ہے۔ پرنسپل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امیر الدین میڈیکل کالج اپنے طلبہ کے لیے ایک بہترین تعلیمی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں