جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال میں نیا شعبہ نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ قائم، نوٹیفکیشن جاری

لاہور(زاہد انجم سے)عوام کو غذائیت کے فوائد اور متوازن خوراک (بیلنس ڈائٹ) کے استعمال بارے آگاہی فراہم کرنے کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں ایک نیا شعبہ نیو ٹریشن ڈیپارٹمنٹ قائم کر دیا گیا ہے۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی منظوری کے بعد ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر فریاد حسین نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ شعبہ ڈاکٹر کاشف عزیز کی نگرانی میں کام کرے گا۔ جبکہ مختلف شعبوں کے 11ڈاکٹرز اس شعبے کا حصہ ہونگے جو ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو بھی صحتمند،متوازن خوراک اور غذائیت سے بھرپور اشیاء کے متعلق معلومات فراہم کریں گے اور جنک فوڈز، مضر صحت اشیاء خوردونوش کے استعمال اوراحتیاطی تدابیر بارے آگاہی دیں گے۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال میں جدید تقاضوں کے مطابق صرف علاج ہی نہیں بلکہ انہیں کونسلنگ کی سہولیات بھی فراہم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا قیام اس سلسلے کا اہم اقدام ہے تاکہ لوگ اپنی خوراک کو بہتر بنا کر بیماریوں سے محفوظ رہیں جس سے ان کا قیمتی سرمایہ اور وقت بھی بچے گا اور وہ علاج کرانے سے بھی بچ سکیں گے۔

ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹرز مریضوں کیلئے متوازن خوراک کا چارٹ تیار کرنے کے علاوہ استعمال کے طریقہ کار بارے بھی رہنمائی کریں گے۔ نیز کم وزن اور کم خوراکی کا شکار بچوں کی صحت کو بہتر بنانے کیلئے ان کے والدین کو بھی ایڈوائزری فراہم کی جائے گی۔

ڈاکٹر کاشف عزیز اور ڈاکٹر محمد مقصود کا کہنا ہے کہ لوگ عام طور پر خوراک میں ایسی اشیاء استعمال کرتے ہیں جس میں غذائیت کم ہوتی ہے اور لوگ بسیار خوری کرتے ہیں جس سے ان کی صحت کو فائدہ پہنچنے کی بجائے بہت سی بیماریاں، ذیابیطس، بلڈ پریشر، امراض قلب، گردہ مثانہ، خون کی کمی کا شکار حاملہ خواتین اور موٹاپا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اگر متوازن غذا مناسب مقدار میں استعمال کی جائے تو وہ جزو بدن بنتی ہے اور اس کے نقصانات بھی نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ بیمار افراد کو نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ سے غذا کیلئے جاری کردہ چارٹ ان کی صحتیابی میں معاون ثابت ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں