شازیہ کوثر

ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ شازیہ کوثر کو پرنسپل کالج آف نرسنگ امیر الدین میڈیکل کالج کا اضافی چارج دے دیا گیا

لاہور(زاہد انجم سے) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے گریڈ 19 کی ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مس شازیہ کوثر کو پرنسپل کالج آف نرسنگ امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال کا اضافی چارج دے دیا ہے ۔

مس شازیہ کوثر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ چارج سنبھالنے کے بعد نرسنگ کالج پہنچنے پر نرسنگ انسٹرکٹرز نے مس شازیہ کوثر کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اساتذہ نے کالج کے امور پر انہیں تفصیلی بریفنگ دی ۔

مس شازیہ کوثر نے نرسنگ انسٹرکٹرز پر زور دیا کہ وہ طالبات کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دیں کیونکہ 62 برس سے لاہور جنرل ہسپتال میں نرسنگ کی تعلیم و تربیت میں مصروف اس ادارے سے فارغ التحصیل نرسز اندرون و بیرون ملک درس و تدریس سے وابستہ ہیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ انتظامی عہدوں پر بھی خدمات سرانجام دے رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ٹیم کی صورت میں نرسنگ کالج کو مثالی بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ پرنسپل نرسنگ کالج نے فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ طالبات کو وبائی امراض سے بچائو ، مریضوں کی نگہداشت اور ڈسپلن کے حوالے سے خصوصی لیکچرز دیں تاکہ وہ میدان عمل میں اپنی تعلیمی درسگاہ کا نام مزید روشن کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نرسنگ پیشے سے زیادہ ایک مقدس مشن ہے جو دکھی انسانیت کی دعاؤں کی بدولت دنیا اور آخرت کی کامیابی کا زینہ بن جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں